پیمرا کو سیٹلائٹ ٹی وی چینل لائسنس کے اجرا کی اجازت

242

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے پیمرا کو نئے سیٹلائٹ ٹی وی چینل لائسنسز کے اجرا کی اجازت دے دی۔ پیمرا نے 58ٹی وی چینلز کے لیے بولی کا انعقاد 2اور 3مئی 2019ء کو25دسمبر 2018ء کو شائع کردہ اشتہار کی روشنی میں کیا تھا جسے پی بی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ پیمرا نے عدالت عالیہ کو یقین دہانی کرائی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز/لائسنس یافتگان کے حقوق کو آئین اور پیمرا قوانین کے مطابق مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ پیمرا نے 7 کیٹیگریز میں58سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسزکے اجراکے لیے بولی کا انعقاد کیاتھا۔جن میں خبریں وحالات حاضرہ کے لیے 8، تفریح کے 16، کھیلوں کے 5، زراعت کے 2، صحت کے 4،تعلیم کے11اور علاقائی زبانوں کے 12 لائسنسز شامل ہیں۔ پیمرا نے2002ء سے ابھی تک 88ٹی وی لائسنسوں کا اجرا کیا ہے جبکہ آنے والی ڈی ٹی ایچ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی کامیابی کے لیے 250ٹی وی چینلزدرکار ہوں گے۔ ان ٹی وی چینلز کے آغازسے ملک میںسرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ۔