واجہ عبدالغنی فٹبال ،بلوچ گارڈن ،ماڑیپور بلوچ اگلے مرحلے میں

351

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں اتوار کے روز لیاری کے ککری گرائونڈ میں حسب معمول دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ بلوچ یوتھ گارڈن اور بلوچ برادرز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ میچ کے اغاز سے ہی بلوچ یوتھ گارڈن کی ٹیم نے مخالف ٹیم کو دبائو میں رکھا اور متعدد خوبصورت موومنٹس بناکر شائقین فٹبال کو محظوظ رکھا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک بلوچ یوتھ گارڈن کی ٹیم نے 2 گول کی برتری حاصل کرلی۔ پہلا گول عبداللہ نے میچ کے 17 ویں منٹ میں اور دوسرا گول بلال نے میچ کے 25 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ دوسرے ہاف میں بلوچ برادرز کی ٹیم قدرے سنبھل کر کھیلی اور بلوچ یوتھ گارڈن کی مضبوط ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کو گول اسکور کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی اس طرح اس میچ میں بلوچ یوتھ گارڈن کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں 2 گول سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اس میچ کو ریفری جاوید کارلوس نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفریز میں شوکت گوٹائی اور حیدرعلی شامل تھے۔ میچ ریفری استاد عبدالطیف تھے جبکہ میچ کمشنر کے فرائض اللہ بخش۔جمیل احمد اور پیر محمد پیرل نے انجام دیے۔ دوسرا میچ ماریپور بلوچ اور غریب شاہ یونین کے مابین کھیلا گیا میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا خاص کر ماڑیپور بلوچ کی ٹیم نے دبائو برقرار رکھا اس دوران پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ملنے والی پینلٹی کک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ماریپور بلوچ کے جلیل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ماریپور کی طرف سے عادل سخی نے گول اسکور کرکے مقابلہ0 .2کردیا۔ اس دوران دونوں ٹیموں کی طرف سے خوبصورت مومونٹس دیکھنے کو ملے اور اس کوشش میں میچ کے 54 ویں منٹ میں ماریپور بلوچ کی طرف سے عابد غفور نے گول اسکور کرکے میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔.اسی اسکور پر یہ میچ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس طرح ماریپور بلوچ کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کرکے اگلے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔اس میچ کو ریفری عبدالباقی۔ جاوید کارلوس اور شوکت گوٹائی نے سپروائز کیا۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں حسب معمول پیر کے روز بھی دو میچ کھیلے جائیں گے۔