نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 423 رنز سے ہراکر سیریز 0-1 سے جیت لی 

628
کرائسٹ چرچ،نیوزی لینڈ ٹیم کاسری لنکا کوشکست دینے کے بعد ٹرافی کے ساتھ لیاگیاگروپ فوٹو
کرائسٹ چرچ،نیوزی لینڈ ٹیم کاسری لنکا کوشکست دینے کے بعد ٹرافی کے ساتھ لیاگیاگروپ فوٹو

کرائسٹ چرچ(جسارت نیوز) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 423 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-0 سے جیت لی، سری لنکن ٹیم پانچویں اور آخری روز 660 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 236 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ٹرینٹ بولٹ نے میچ میں 9 وکٹیں لیں، ٹم ساؤتھی کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم نے 231 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 429 رنز درکار تھے، کیویز بولرز نے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم گزشتہ دن کی اننگز کے اسکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 236 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، دلروون پریرا 22، سرنگا لکمل 18 اور چمیرا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اینجلو میتھیوز زخمی ہونے کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آ سکے، نیل واگنر نے 4، ٹرینٹ بولٹ نے 3 اور ٹم ساؤتھی نے 2 وکٹیں لیں، اسطرح کیویز نے آئی لینڈرز کو 423 رنز کے واضح مارجن سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی۔دوسری طرف نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ میچ میں رنز کے اعتبار سے بڑی فتح کا نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا، کیویز نے سری لنکا کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 423 رنز سے ہرا کر یہ سنگ میل عبور کیا، اس سے قبل 254 رنز سے کامیابی کیویز کی رنز کے اعتبار سے بڑی فتح تھی جو اس نے 2016ء میں زمبابوے کے خلاف حاصل کی تھی۔