سندھ میں گورنرراج ممکن نہیں،بلاول کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا،خورشید شاہ

274

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں، بلاول زرداری کی گرفتاری خطرناک کھیل ہوگا اور اگر ایسا کیا گیا تو اس سے ملک افراتفری کا شکار ہوگا، اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا چاہیے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، آمروں نے 4دریا بیچ دیے اور آج پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔ میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان ملک میں بحران اور غیریقینی صورتحال پیدا کر رہے ہیں، انہوں نے سیاستدانوں کی گرفتاری کے سوا کچھ نہیں کیا اور ان سے وہ کام کرائے جا رہے ہیں جو کوئی سیاستدان نہ کرتا،اگر آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگا۔ بلاول زرداری کی گرفتاری سے متعلق سوال پر ا نہوں نے کہا کہ بلاول کی گرفتاری کے لیے دل اور گردہ چاہیے، انہیں گرفتار کرنا ممکن نہیں لیکن موجودہ حکومت سے کچھ بعید بھی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کی ضرورت نہیں کیوں کہ مفروضوں کی بنیاد پر کیسز بنائے گئے اور میں گورنر راج لگانا ممکن نہیں، آئین و قانون میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، مارشل لا کے ذریعے آئین ختم کرکے گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا نفاذ ملک کے لیے بہتر نہیں ہوگا، آئین وفاق کی مضبوطی کی ضمانت ہے اور اگر آئین کو چھیڑا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ون پارٹی سسٹم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور لگتا ہے کہ سویلین مارشل لا لگانے کی جانب جا رہا جارہا ہے اور جس طرح کی سیاست آج ہورہی ہے اس سے ایک پارٹی کو مضبوط اور دیگر کو کمزور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال ملک میں آمریت رہی، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ، اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا چاہیے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، آمروں نے 4 دریا بیچ د یے اور آج پانی کے مسائل کا سامنا ہے۔