امریکاو یورپ امت مسلمہ کونشانہ بنائے ہوئے ہیں ‘معراج الہدیٰ

311

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام مغلوب نہیں بلکہ غالب ہونے کے لیے آیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج مغرب امت مسلمہ کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ امت زخم خوردہ ہے، محمدؐ کے غلاموں کو پوری دنیا میں نشانہ بنایا جا رہا ہے
پاکستان کو عملاً امریکا کی کالونی بنا دیا گیاہے۔ سیکولر نظام تعلیم کا فائدہ مغربی حواریوں نے اٹھایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو کراچی میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے امیر زون نیو کراچی محمد احمد قاری، جنرل سیکرٹری جمعیت علما پاکستان، کراچی مفتی رفیع الرحمن نورانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں کھلے عام اسلامی شعار کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، سندھ اسمبلی میں قبول اسلام سے متعلق بل پاس کرنا قرآن و سنت کے خلاف ہے، مشکلات و آزمائشوں اور جرائم سے نجات کے لیے عدل و انصاف کا مضبوط نظام ہی پر امن خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ نبی مہربان ؐتمام عالم کے لیے رحمت اللعالمین ہیں اور اس پیغام کے ذریعے ہی زمین پر عدل و انصاف کا نظام قائم ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا ، ظلم و جبر اور استیصالی نظام سے نجات نہیں مل سکتی ہے، استیصالی نظام کے باعث غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہاہے ،اسلامی انقلاب کے بغیر اس استیصالی نظام کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔دنیاکو نبی مہربانؐ کی سیرت پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے بھی زیادہ ہے، بھٹکتی اور سسکتی ہوئی انسانیت تباہی کے کنارے کھڑی ہے، بطور مسلمان اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمے داریاں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔جنرل سیکرٹری جمعیت علما پاکستان مفتی رفیع الرحمن نورانی نے کہا کہ جب تک ملک پر اللہ کے باغی اور اسلام دشمن قوتیں قابض رہیں گی ، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کا دور قائم اور عدل و انصاف ناپید رہے گا۔