ہندو برادری سے امتیازی سلوک کے بارے میں خبریں بے بنیاد ہیں، رمیش کمار

304

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے مختلف میڈیا اداروں خصوصاً بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی من گھڑت خبروں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ممتاز ہندو رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر رمیش کمار نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ ان خبروں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے کوویڈ۔ 19 کی اس صورتحال میںہندوؤں کو خوراک اور راشن کی فراہمی سے انکار کر دیا ہے۔یہ خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندو کونسل کورونا وائرس پھیلنے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے ہندو برادری سے امتیازی سلوک کے بارے ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، جس کا دعویٰ بھارتی میڈیا کے ذریعے کیا گیا ہے۔ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ پاکستان ہندو کونسل بھی اپنی ملک گیر راشن تقسیم مہم میں ہرمستحق خاندان کو بغیر کسی مذہبی امتیاز کے روز مرہ استعمال کی کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے میں مصروف عمل ہے۔