کورونا کے بارے میں مختلف جگہوں پر تخمینے حتمی نہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

104

اسلام آباد (صباح نیوز)معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں دستیاب سینی ٹائزرکی بہت بڑی تعداد غیر معیاری ہے ، یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ طبہ عملہ حفاظتی اشیا مثلاً ماسکس،دستانوں اور دیگر اشیاکا استعمال مناسب طورپر نہیں کیا جارہا،غیر متعلقہ افراد ماسک اور گان سمیت دیگر حفاظتی اشیا کو استعمال کررہے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے مشیر سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ میڈیا میں مختلف آرا دی جاتی ہیں جو ضروری نہیں ہے کہ وہ مصدقہ سچ بھی ہو اور ساتھ ساتھ پیش گوئی بھی کی جارہی ہے اور اعداد وشمار گردش کررہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے اندر کورونا وائرس کے کیسز کی تعدادکیا ہوگی، اموات کتنی ہوں گی اور کن علاقوں میں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش گوئی اندرون ملک اور بیرون ملک محققین کررہے ہیں لیکن مستقبل کے بارے میں دیے جانے والے اعداد وشمار تخمینے ہیں، ان کے پیچھے مختلف تصورات اور خیالات ہیں، ان کا درست ہونا یا نہ ہونا اس وقت غیریقینی بات ہے،ان تخمینوں کو حرف آخر مت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت اور ادارے صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے اور ان تخمینوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور خود بھی اس سلسلے میں منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہم نے اپنی تیاری اس حوالے سے کرنی ہے کہ پاکستان میں آنے والے دنوں میں جو ہماری ضروریات ہوں گی کیا ہم ان کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف صرف یہ ہے کہ پاکستانیوں کے لیے کورونا وائرس کے حوالے سے جو سہولتیں اور ڈاکٹروں سمیت مختلف طبقوں کی ضروریات کوپوری کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تخمینوں پر کان نہ دھریں لیکن حکومت کی ہدایات پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔