(قرآن مجید(علیان خان

3635

پیارے ساتھیو! جہان بھر میں ہر سال لاکھوں کتابیں شائع کی جاتی ہیں۔ کتابیں انسان کی دوست ہوتی ہیں۔ یہ انسان کی راہیں متعین کرتی ہیں۔ میں نے زندگی میں بہت سی کتابیں پڑھیں لیکن میری پسندیدہ کتاب قرآنِ مجید ہے۔ قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔ یہ کتاب پہلے وحی کی صورت میں نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی۔ یہ وحی بعد میں اکٹھی کی گئیں اور اس سے قرآنِ مجید کتاب کی صورت میں وجود میں آیا۔ قرآن مجید عالم انسانیت کی عظیم ترین کتاب ہے۔ اس میں زندگی کے ہر پہلو کو زیرِ غور لایا گیا ہے اور عہدِ گزشتہ کے قصّوں سے آنے والے دَور تک کی خبریں دی گئی ہیں۔
اللہ نے رحمتِ دوعالمؐ کے قلب میں جس طرح سے اپنا عِلم راسخ کردیا تھا، اللہ کے نبیؐ نے اسی طرح یہ عِلم دوسروں تک منتقل کردیا۔ چناں چہ قرآن ہر پہلو سے معجزہ ہے۔۔۔ اپنے الفاظ میں، نظم و اسلوب میں، ہدایت و اثر انگیزی میں، علوم و فنون میں، تعلیم و تربیت میں، تطہیر و تزکیہ میں، ماضی، حال و مستقبل کی پیشنگوئیوں میں، ہر ادا اور ہر طرز میں معجزہ۔
اللہ کی آسمانی کتاب میں غوروفکر کرنے کا ہر مسلمان مرد اور عورت کو حکم دیا گیا ہے۔ باری تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’یہ لوگ قرآن پر غور کیوں نہیں کرتے، یا ان کے دلوں پر تالے لگے ہوئے ہیں؟‘‘
یہ آسمانی کتاب عربی زبان میں قریباً 23 برس کے عرصے میں آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہوئی۔ قرآن کے نازل ہونے کے عمل کو ’’وحی‘‘ بھی کہا جاتا ہے، اور یہ کتاب اللہ کے فرشتے حضرت جبریل علیہ السلام کے ذریعے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہوئی۔ قرآن میں آج تک کوئی کمی بیشی نہیں ہوسکی اور اسے دنیا کی واحد محفوظ کتاب ہونے کی حیثیت حاصل ہے، جس کا مواد تبدیل نہیں ہوسکا۔ تمام دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں چھپنے کے باوجود اس کا متن ایک جیسا ہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بتائی ہوئی ترتیب کے مطابق حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں اسے یک جا کیا گیا۔ اس کام کی قیادت حضرت زید بن ثابت انصاری رضی اللہ عنہ نے کی۔ قرآن کا سب سے پہلا ترجمہ حضرت سلمان فارسیؓ نے کیا۔ یہ سورۃ الفاتحہ کا عربی سے فارسی میں ترجمہ تھا۔ قرآن کو دنیا کی ایسی واحد کتاب کی بھی حیثیت حاصل ہے، جو لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو زبانی یاد ہے۔ قرآن حفظ کرنے والے کو حافظ کہتے ہیں۔ قرآن سابقہ الہامی کتابوں مثلاً انجیل، تورات اور زبور وغیرہ کی تصدیق کرتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ ان الہامی کتابوں میں بے شمار تبدیلیاں ہوچکی ہیں۔
قرآنِ مجید پڑھنے سے ہمیں اللہ تعالیٰ کے احکامات کا علم ہوتا ہے۔ ہمیں پتا چلتا ہے کہ ہمارے حقوق کیا ہیں، فرائض کیا ہیں اور دوسروں کے حقوق ہم کیسے ادا کریں؟
اللہ تعالیٰ نے جہالت، توہمات اور شِرک کے اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو اس کتابِ عظیم کی روشنی سے منوّرکیا۔ ہمیں معاشیات سے سیاسیات تک کی رہنمائی قرآنِ مجید سے ملتی ہے۔ یہ خالقِ کائنات کی طرف سے بنی نوع انسان کے لیے ایک عظیم تحفہ اور پیغامِ ہدایت ہے، ہم اسے سمجھ کر پڑھیں تو اپنی دنیا روشن کرسکتے ہیں!!
nn

حصہ