یے وو نے پاکستان میں iDroid فروخت کیلئے پیش کردیا

166

yayvo.com نے نیویارک کی ’’iDroid USA ‘‘ کی شراکت سے اس کمپنی کا نمائندہ اسمارٹ فون ’’iDroid Balr X7‘‘ پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔ یہ پاکستان کی تیزی سے پھیلتی ہوئی اسمارٹ فون مارکیٹ میں ایک نیا اور جدید ترین اضافہ ہے جس کا ملک بھر میں ٹیکنالوجی کے دیوانوں، نت نئی مصنوعات کے شائقین، لکھاریوں، بلاگروں اور کاروباری طبقے نے گرم جوشی سے استقبال کیا ہے۔گزشتہ ہفتے کراچی میں منعقدہ لانچ ایونٹ کے دوران پورے پاکستان سے لکھاریوں اور ٹیکنالوجی بلاگروں نے iDroid Balr X7 دیکھا اور استعمال کیا، جبکہ اس موقع پر ’یے وو‘ کا چہرہ عدیل چودھری اور علی گل پیر بھی موجود تھے۔ اس ایونٹ میں کو فاؤنڈر جواد قریشی نے کہا ’’iDroid اپنے پاکستانی صارفین کو بہترین مصنوعات، انتہائی باکفایت انداز میں پیش کرنا چاہتا ہے۔ ’یے وو‘ کے ساتھ ہماری پارٹنرشپ اس خطے میں ایک اہم اور دوررس پیش رفت ہے، جب کہ بہترین مصنوعات کے لیے کمٹمنٹ اور باریک ترین جزئیات پر توجہ شمالی امریکہ اور افریقہ میں ہمارے اسمارٹ فونز کی زبردست کامیابی سے ثابت شدہ ہے۔‘‘9,499 روپے کی باکفایت قیمت کے ساتھ، نیا اسمارٹ فون ’’iDroid Balr X7 ‘‘ ان تمام فیچرز سے لیس ہے جو کسی بھی صارف کی اوّلین پسند ہیں: 5.5 انچ کی ایچ ڈی اسکرین، کواڈ کور، 1.3 گیگاہرٹز پروسیسر، 8 میگا پکسل بیک کیمرہ، 5 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ، 2800 ملی ایمپیئر آور بیٹری، جدید ترین ’جیسچر ٹیکنالوجی‘ اور ’آئی ڈرو Beast‘‘ اسپیکرز وغیرہ۔ یہ فون دو رنگوں یعنی بلیک اور گولڈ میں پیش کیا جارہا ہے۔ شمالی امریکہ کے بعد اب یہ اسمارٹ فون پاکستان میں بھی ہلچل مچانے کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ ’’iDroid USA ‘‘ چار آئی ٹی انٹرپرینیورز کی قائم کردہ ہے جس کا مقصد استعمال میں آسان ٹیکنالوجی وضع کرنا ہے، اور اسی وژن کے ساتھ یہ کمپنی امریکہ کے علاوہ کینیڈا، یورپی یونین، لاطینی امریکہ، یوگینڈا اور میکسیکو میں کام کررہی ہے، جب کہ پاکستان میں اسے بطورِ خاص ’یے وو‘ کے اشتراک سے لانچ کیا گیا ہے۔

اب واٹس ایپ صارفین بھی اپنے دوستوں کا مقام معلوم کرسکیں گے
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے نئے آپشن کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے ذریعے اب آپ فیس بک کی طرح اپنے دوستوں کا مقام معلوم کرسکیں گے۔
میسجنگ اور کال کی مشہور ایپ واٹس ایپ کے نئے بی ٹا ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جسے ’’لائیو لوکیشن ٹریکنگ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اینڈروئیڈ ورژن 2.16.399 اور آئی او ایس ورژن 2.17.3.28 میں موجود ہے۔ اس آپشن کے ذریعے دو دوست یا گروپ میں شامل افراد حقیقی وقت میں اپنی موجودگی اور مقام کو ظاہر کرسکیں گے۔
یہ فیچر ڈیفالٹ کے طور پر غیر سرگرم ہے اور اسے ایپ کے سیٹنگ مینو میں جاکر ایکٹو کرنا پڑتا ہے۔ فی الحال ایک سے 5 منٹ تک ہی آپ کسی کی لوکیشن لائیو دیکھ سکتے ہیں۔ اگرچہ بہت عرصے سے واٹس ایپ کے اس فیچر پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں لیکن اب یہ منظرِعام پر آگیا ہے۔ کمپنی نے اس کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا اور اب بھی یہ آزمائش کے مرحلے میں ہے۔

حرم مکی کے فرش میں لگے سنگ مرمر کی ٹھنڈک کا راز!
موسم گرما میں جب سورج آگ برسا رہا ہوتا ہے تو مسجد حرام اور حرم کا فرش اُس وقت بھی زائرین اور معتمرین کو ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر حرم مکی کے فرش میں لگے سنگِ مرمر کی ٹھنڈک کے حوالے سے مختلف اقسام کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔ بعض لوگوں نے یہ افواہ چھوڑی ہے کہ سنگِ مرمر اس لیے ٹھنڈا ہوتا ہے کیونکہ اس کے نیچے ٹھنڈا پانی چھوڑا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اور مفروضے بھی گردش میں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں بھی سنگِ مرمر کی ٹھنڈک کی وجہ اس پتھر کی خاصیت ہے۔ یہ پتھر قدرتی طور پر ہی ایسی ساخت رکھتا ہے جو گرمیوں میں بھی ٹھنڈک پیدا کرتا ہے۔
حرمین شریفین کے نگراں ادارے کا کہنا ہے کہ گرمی اور روشنی دونوں کو منعکس کرنے والا یہ سنگ مرمر’التاسوس‘ کہلاتا ہے جو بہت نایاب پتھر ہے۔ گرانیٹ اور قدرتی سنگِ مرمر میں یہ خصوصیت نہیں پائی جاتی۔ اس پتھر کو یونان کے پہاڑوں سے نکالا گیا اور وہاں سے حرم مکی کے لیے لایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حرم مکی میں پانچ سینٹی میٹر موٹی ٹائلیں لگائی گئی ہیں۔ یہ پتھر رات کے اوقات میں باریک مساموں کے ذریعے رطوبت جذب کرتے ہیں اور دن کے وقت اس رطوبت کو خارج کرتے ہیں۔ اس طرح یہ پتھر قدرتی طور پر بھی گرمی میں ٹھنڈا رہتا ہے۔ جہاں تک فرش کے نیچے ٹھنڈا پانی چھوڑنے کی بات ہے تو وہ قطعی بے بنیاد ہے۔

اکاؤنٹ کو ہیکنگ سے بچانے والی فیس بک کی سیکیورٹی چابی
فیس بک نے صارفین کے اکاؤنٹ مزید محفوظ بنانے کے لیے ایک یو ایس بی جیسی ’’چابی‘‘ متعارف کرائی ہے جس کی مدد سے ہیکر آپ کے اکاؤنٹ پر نقب نہیں لگا سکیں گے۔
سوشل میڈیا کی سب سے بڑی اور مشہور کمپنی فیس بک نے ایف آئی ڈی او یوٹی ایف سیکورٹی ’’کی‘‘ (چابی) متعارف کرادی ہے جو آپ کو فیس بک تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ یوایس بی پورٹ میں لگنے والی یہ ’’کی لاگ‘‘ معلومات کی تصدیق کرکے پاس ورڈ کے ساتھ فیس بک کھولتی ہے۔ فیس بک کا دعویٰ ہے کہ اس کا استعمال ہیکرز تک آپ کے اکاؤنٹ کی رسائی ناممکن بنادیتا ہے۔موبائل استعمال کرنے والے ’’نیر فیلڈ کمیونی کیشن‘‘ این ایف سی استعمال کرسکیں گے جو بغیر تار کے آلات کو محفوظ انداز میں منسلک کرتا ہے۔ جیسے ہی یہ ’’کی‘‘ فیس بک سیٹنگ کے ساتھ ایکٹو ہوتی ہے تو اس میں ’’کی کوڈ اور پاس ورڈ‘‘ درکار ہوتا ہے۔ فیس بک کے مطابق یہ سیٹ اپ کسی دور بیٹھے ہیکر کو آپ کے اکاؤنٹ تک پہنچنے سے باز رکھتا ہے۔ فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ یوٹوایف سیکورٹی ’’کی‘‘ کو ایک مرتبہ اکاؤنٹ پر رجسٹر کرانے کے بعد بار بار اس کی ضرورت نہیں رہتی، لیکن جیسے ہی آپ کیشے صاف کرتے ہیں تو اس کے بعد دوبارہ ’’کی‘‘ درکار ہوتی ہے۔ اس ’’کی‘‘ کو آن لائن خریدا جاسکتا ہے جس کی قیمت 21 ڈالر یعنی 2100 روپے کے برابر ہے۔ فیس بک کے مطابق ’’کی‘‘ کسی دوسرے فرد کو بھی آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی سے باز رکھتی ہے۔ ہاں! اگر دو مختلف آلات پر ’’کی‘‘ لگا کر اسے رجسٹر کیا گیا ہے تو اکاؤنٹ دو مختلف ڈیوائسز سے کھولا جاسکتا ہے۔ فیس بک سے وابستہ چیف سیکورٹی انجینئر کے مطابق یہ سیکورٹی ’’کی‘‘ اکاؤنٹ کو مزید محفوظ بنانے والی ایک اضافی ٹیکنالوجی ہے۔فیس بک سیکورٹی ٹیم کے مطابق ہر روز دنیا بھر میں 6 لاکھ فیس بک اکاؤنٹ کی سیکورٹی پر ضرب لگائی جاتی ہے جو کامیاب رہتی ہے، اور اس وقت فیس بک صارفین کی تعداد ایک ارب 80 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

حصہ