برطانیہ میں کاسمیٹک مصنوعات بنانے والی کمپنیوں پر جرمانہ

140

برطانوی دارالحکومت میں 15 کاسمیٹک کمپنیوں کے خلاف مضر صحت کریمیں بیچنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان کمپنیوں پر ایک لاکھ 68 ہزار 579 پاؤنڈ کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں ایسے برانڈز کی رنگ گورا کرنے والی کریمیں بیچتی تھیں جن میں پاکستان کی مشہور کمپنیوں کی کریمیں اور صابن بھی شامل ہیں۔ ان کریموں میں کینسر کا سبب بننے والے مضر صحت کیمیکل پائے گئے ہیں۔ لندن میں کئی دکانداروں کو بھاری جرمانوں کے علاوہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ان دکانوں کے مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ مضر صحت کریمیں اور صابن فروخت کیے تو انہیں ایک سال تک جیل کی سزا بھی کاٹنی پڑسکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کیے گئے طبی مطالعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ رنگ گورا کرنے اور جلد کو شاداب رکھنے والی بیشتر کریموں اور کاسمیٹک مصنوعات میں صحت کو نقصان پہنچانے اور کینسر تک کی وجہ بننے والے کیمیکل شامل ہوتے ہیں۔ اسی بناء پر طبی ماہرین ایسی مصنوعات پر پابندی کا مطالبہ بھی کرتے آرہے ہیں۔ اس تناظر میں یہ پہلا موقع ہے جب لندن میں کاسمیٹک کمپنیوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے۔

حصہ