مراد علی شاہ کی آج پیشی سے معذرت‘نیب نے کل پھر طلب کرلیا

359

راولپنڈی،اسلام آ باد(آن لائن)سندھ روشن پروگرام کرپشن کیس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے آج نیب میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ،نیب نے مراد علی شاہ کو8 جولائی کو دوبارہ طلب کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ روشن پروگرام کرپشن کیس میں نیب نے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کو آج طلب کررکھا تھا تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے آج پیشی سے معذرت کرلی ،نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو 8 جولائی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے دوبارہ طلب کرلیا ،مرادعلی شاہ کو 8 جولائی کونیب اولڈہیڈکوارٹرزپیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاوہ ازیںاحتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری پر فرد جرم عاید نہ کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی ،عدالت نے نیب کو نوٹسز جاری کر دیے۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کورٹ روم نمبر دو کے جج اعظم خان نے کی۔ سابق صدر آصف زرداری کی وڈیو لنک کے ذریعے احتساب عدالت کے سامنے حاضری ہوئی۔آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ ملزم پر فرد جرم عاید نہ کی جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ آپ اس درخواست پر ہمیں نوٹس جاری کریں ہم آج ہی آدھے گھنٹے میں بحث کریں گے جس پر احتساب جج نے ریمارکس دیے کہ اس ریفرنس کو دائر ہوئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے آپ کو چاہیے تھا کہ یہ درخواست پہلے دائر کرتے اب فرد جرم عاید کرنے کے لیے وڈیو لنک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے چیزیں نکالنی پڑتی ہیں گورنر اسٹیٹ بینک کے لیے قانون کے مطابق نوٹس دینا ضروری تھاجان بوجھ کر ڈیفالٹ کی گئی کمپنی کے لیے قانون واضح ہے آئندہ منگل کو یہ کیس سماعت کے لیے رکھ لیں، میں نے ریسرچ کرنی ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس نقول فراہم کرنے کے بعد سات دن میں فرد جرم عائد کرنا ضروری ہے جج اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ آپ 9 جولائی کو پیش ہو جائیں ۔