روم: اطالوی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پائے بغیرہی 5 مئی سےکاروبار اور دیگر صنعتی ادارےکھولنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی وزیر اعظم جوسیپی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوروناوائرس وبا کوقابو کرنے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں، اُس وقت تک معاشی بحران کی صورتحال مزید بگڑسکتی ہے، وبا پر قابو پائے جانے کا انتظار نہیں کرسکتے، کورونا کےساتھ رہنا ہمیں سیکھنا ہوگا ۔
اطالوی وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 4 مئی سے فیکٹریاں کھولی جائیں گی جبکہ 5 مئی سے ہز قسم کے کاروبار کھول دئیے جائیں گےتاہم شہری احتیاطی تدابیر و حفاظتی اقدامت کو یقینی بنائیں تاکہ وبا کی شدت سے بچا جاسکے۔جوسیپی نے کہا کہ مذہبی مقامات و اجتماعی عبادات پر تاحال پابندی ہے تاہم جنازے کے حوالے سے پابندیوں میں نرمی کی جائےگی،ریستوان صرف ٹیک اوے سروس کیلئے کھولےجائیں گے۔
واضح رہے کہ اٹلی میں کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تقریبا 2 لاکھ ہے جبکہ 26,977 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں ۔