جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی کال دیدی

205

لاہور/اسلام آباد(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک بھر میںمہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی وفاقی و صوبائی دارلحکومتوں سمیت تما م ضلعی و زونل ہیڈکواٹرز پر مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے،جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کرے گی جن میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت ہزاروں عوام شرکت کریں گے۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق آج راولپنڈی میں ایک بڑے جلسے اور مظاہرے سے خطاب کریں گے یہ جلسہ اور مظاہرہ مہنگائی کے خلاف ہوگا ،مظاہرے کا آغاز 3 بجے سہ پہر لیاقت باغ سے ہوگا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ نائب امیر میاں اسلم ،پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم،صدرنیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی، امیرجماعت اسلامی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سیدعارف شیرازی، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی راجا محمدجواد،عتیق احمد عباسی ، اویس اسلم مرزا،انعام الحق اعوان اورملک محمد اعظم کریں گے۔ اس عوامی احتجاج کا آغاز امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں آج دن 3بجے مری روڈ لیاقت باغ چوک سے ہوگا جس میں راولپنڈی بھرسے کارکنان اورعوام شریک ہوں گے۔