اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری،سیاحت، زراعت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے بہت سے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا کے وزیر تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردھنا اور ریاستی وزیر برائے علاقائی تعاون مسٹر تھراکا بالاسوریا سے بات چیت کے دوران کیا ۔ جنہوں نے سری لنکن کاروباری وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،۔ انہوں نے کہا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے بہت سے معاہدات موجود ہیں جن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سارک فورم کے حوالے سے بھی، سری لنکا کو اہم ملک گردانتا ہے،اور سارک فورم کو موثر بنانے کیلئے سری لنکا کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیر خارجہ نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے المناک واقعہ میں مسٹر پرینتا کمارا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے، اس واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے، حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر بندولا گنا وردھنے نے حکومت پاکستان کی جانب سے سیالکوٹ کیس کی جلد سماعت کی یقین دہانی اور معاوضے کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔ گزشتہ سال فروری 2021 میں وزیر اعظم کے ساتھ سری لنکا کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر خارجہ نے پاکستان سری لنکا کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے ذریعے، دوطرفہ تجارتی تعاون کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا پاکستان، علاقائی امن، ترقی، شراکت داری اور روابط کے فروغ پر مبنی، اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، مخدوم شاہ محمود قریشی فریقین کا دونوں ممالک کی کاروباری کمپنیوں /تجارتی چیمبرز کے مابین دو طرفہ ملاقاتوں کے فروغ پر اتفاق فریقین کا علاقائی و بین الاقوامی فورمز کی تمام سطحوں پر تعاون کے ذریعے علاقائی امن، ترقی اور روابط کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار واضح رہے کہ ڈاکٹر گناوردھنا سری لنکا کے تجارتی وفد کے ساتھ 20 سے 27 جنوری 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔