خصوصی افراد کا فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ: معذور ہم نہیں مسلم حکمران ہیں، جماعت اسلامی

465

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے تحت اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 2جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ“کے سلسلے میں ملینیم مال پر معذور اوراسپیشل افراد کا احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

 مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے ہیں جن پر تحریر تھاکہ Stop genocide in gaza، Free Palestine، لبیک یا اقصی ودیگر بھی شامل تھے۔ شرکاء نے اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی جھنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔

مظاہرے میں گویائی و سماعت سے محروم بچے،بوڑھے،جوان مردو خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا، بصارت سے محروم نور العین اور صابر نے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ترانہ پیش کیا،  گویائی و سماعت سے محروم افراد کے لیے اقرا ء اور ارم نے مترجم کے فرائض انجام دیے۔

مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر سیف الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے  کہاکہ خصوصی افراد نے آج مظاہرہ کرکے ثابت کردیا کہ معذوری کچھ کر گزرنے کے لیے رکاوٹ نہیں بنتی۔ انہوں نے حکمرانوں کو پیغام دیا ہے کہ اگر صحیح سلامت ہونے کے وہ باوجود کچھ نہیں کرسکتے تو ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کردی ہے اور مسلسل اب بھی جدوجہد کررہے ہیں، حماس کی تحریک جسمانی طاقت سے معذور شیخ یاسین نے شروع کی تھی، حماس نے آج اسرائیل کو شکست سے دوچار کردیا،مسلم ممالک کے حکمران  معذور ومحتاج اور امریکا کے غلام ہیں۔