بشام میں چینی انجینئرز پر حملہ: افغان حکومت نےکوئی جواب نہیں دیا،  وزیر داخلہ

264
Chinese citizens

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہےکہ بشام میں چینی انجینئرز  پر حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی، دہشت گردی میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی ملوث ہے، جس کے شواہد بھی موجود ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ چینی شہریوں پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ حملہ کیا گیا، ثبوت دیے جانے کے باوجود اب تک افغان حکومت نےکوئی جواب نہیں دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  چینی شہریوں کی سکیورٹی ہمارے لیے بہت ضروری ہے، چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے، چین اور  پاکستان کے تعلقات ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک مختلف فورمز  پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، وہ ہماری بہتری اور ہم ان کی بہتری کے لیےکام کرتے ہیں۔