وزیراعظم کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کا اجلاس شروع

277

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس جاری ہے۔

اجلاس میں تمام وزرائے اعلیٰ، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزرائے اطلاعات، خزانہ، دفاع، منصوبہ بندی و ترقیات، تجارت، قانون و انصاف، آبی وسائل اور صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقی اجلاس کو انسداد سمگلنگ اقدامات پر بریفنگ دیں گے۔ ملک میں سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔

حکومت نے جون 2023 میں صوبائی اور وفاقی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ فوجی حکام کو فیصلہ سازی کے فورم میں اکٹھا کرنے کے لیے SIFC تشکیل دی تھی۔ اس کے اہداف میں اقتصادی بحالی کے لیے حل تلاش کرنا اور ایف ڈی آئی کی آمد میں اضافہ شامل ہے۔

مزید یہ کہ کونسل کا انتظام ایک اعلیٰ کمیٹی کرتی ہے جس میں وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، وزرائے اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہوتے ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور آج اسلام آباد میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔

وزیراعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، بیرسٹر سیف نے اس سے قبل کے پی کے وزیراعلیٰ کو SIFC اجلاس میں مدعو نہ کرنے پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تاہم گورنر کے پی کی مداخلت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کے پی کے چیف ایگزیکٹو کو آئندہ اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی تھی۔

آج ایک بیان میں، بیرسٹر سیف نے کہا کہ “وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی نمائندگی ضرور کریں گے کیونکہ انہیں SFIC اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔  خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں اور وزیراعلیٰ اجلاس میں اس کی وضاحت کریں گے۔