محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان روک دیا

431

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان روک دیا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بابر اعظم کی قیادت میں 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان آج کیا جانا تھا تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یہ اعلان روک دیا ہے

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے قومی ٹیم کی سلیکشن کے عمل پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے لیے جو ٹیم منتخب کی گئی تھی، اس پر تمام سلیکٹرزمتفق نہیں تھے،ٹیم کے اعلان کیلئے سلیکشن کمیٹی میں شامل ہر فرد کی رائے لینا ضروری ہے، سلیکشن پروسس کے عمل کو مکمل کیا جائے گا۔

 اس معاملے پر محسن نقوی نے خط کے ذریعے سلیکشن کمیٹی سے جواب طلبی کر لی ہے۔

دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ کیلئے 25 مئی آئی سی سی ڈیڈ لائن کے مطابق آخری تاریخ ہے، میگا ایونٹ سے قبل ٹورنامنٹ میں شریک 20 میں سے 19 ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہےِ پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے اب تک ٹی20 ورلڈکپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا۔