احسن اقبال ہتک عزت کیس؛ مرادسعید کی گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست

139

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے  لیگی رہنما احسن اقبال کی جانب سے ہتک عزت کیس میں گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی۔

 

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی جانب سے ہتکِ عزت کیس میں پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے گزشتہ سماعتیں کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کردی۔

مراد سعید کی جانب سے دائر درخواست میں وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 15 مئی کو معلوم ہوا کہ مرادسعید کے خلاف یکطرفہ عدالتی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ ہوا۔

درخواست میں کہا گیا کہ23 اپریل کو معاون وکیل کو عدالتی عملے نے بتایاکہ آئندہ سماعت 6 جون کو ہے، ہم سمجھے سماعت 6 جون کو ہے، جس کے باعث 6 مئی، 14 مئی کو عدالتی کارروائی چھوٹ گئی۔

درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ سماعت کی تاریخ اوور رائٹ ہوگئی تھی۔ احسن اقبال نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 4 سال میں پہلی بار گواہ کا بیان ریکارڈ کروایا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ غیرحاضری کے باعث احسن اقبال کی درخواست دو بار خارج ہوچکی۔ مرادسعید کے خلاف سازش ہوئی،6 اور 14 مئی کی سماعتوں کو کالعدم قرار دیاجائے اور احسن اقبال کو میرے وکیل کی موجودگی میں دوبارہ شواہد پیش کرنے کی ہدایت دی جائے۔ عدالت کی جانب سے ریکارڈ کی ٹیمپرنگ پر انکوائری کروائی جائے۔

بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج حسینہ ثقلین کی رخصت کے باعث سماعت 4 جون تک ملتوی کردی گئی۔