عدت میں نکاح کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ

211

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف  بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں کی سماعت کی جس میں بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل جبکہ وکیل رضوان عباسی کے معاون عدالت میں پیش ہوئے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے دلائل دیے کہ یہ کیس صرف اور صرف سیاسی طور پر نشانہ بنانے کے لیے دائر ہوا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدت کے دوران نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 29 مئی کو سنایا جائے گا۔