ایف بی آر کی ہدایات پر نان فائلرز کی 9 ہزار سے زیادہ موبائل سمز بند

275

اسلام آباد: ایف بی آر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نان فائلرز کی 9 ہزار سے زیادہ موبائل سمز کو بند کردیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو بورڈ نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نان فائلرز کی 9 ہزار سے زیادہ موبائل سمز بند کردی گئی ہیں۔  اس حوالے سے گزشتہ روز ٹیلی فون کمپنیوں کے ساتھ میٹنگ ہوئی تھی، جس میں کمپنیوں کو فیصلے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کی موبائل سمز بند کرنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کا ہے اور حکومت کے فیصلے پر ہرحال میں عمل درآمد کرنا ہوگا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی اے نے خود کو موبائل سمز بند کرنے کے مسئلے سے علیحدہ کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ اس کے پاس سم بندکرنے کا حکم جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی نان فائلرز کی ساڑھے3 ہزار موبائل سمز  بند کی گئی تھیں۔

فیڈرل بیورو آف ریونیو کے ترجمان کے مطابق 2 ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے تقریباً 3500 سمزبلاک کی گئی ہیں تاہم انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے والے شہریوں کی موبائل سمز کو فوری بحال  کردیا جائے گا۔ ایک ٹیلی کام کمپنی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکم امتناع لےلیا ہے۔