آئی فون صارفین کا تصویروں سے متعلق مسئلہ حل ہوگیا

425

سان فرانسسکو:ایپل کی جانب سے اپنے آئی فون صارفین  کے لیے ان ہیں درپیش تصویروں سے متعلق مسئلے کے حل پر مبنی اپ ڈیٹ جاری کردی ہے۔

گزشتہ دنوں ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17.5 کی اپ ڈیٹ ریلیز ہونے کے بعد کچھ صارفین نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربے سے متعلق بتایا کہ اپ ڈیٹ کے بعد وہ ایک مسئلے کا شکار ہو رہے ہیں، جس میں کئی سال قبل ڈیلیٹ کی گئی تصویریں دوبارہ سے فوٹوز ایپلی کیشن میں ظاہر ہو رہی ہیں۔

بعد ازاں ایپل نے تمام صارفین کے لیے ایک نئی اپ ڈیٹ ریلیز کی اور اپنے بیان میں کہا کہ اس سے تصاویر کے دوبارہ ظاہر ہونے کے مسئلے کو حل  کردیا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے یہ تو نہیں بتایا گیا کہ اس مسئلے سے کتنے لوگ متاثر ہوئے لیکن تمام صارفین کو اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں اس بگ کو درست کیا گیا ہے۔

ایپل نے نیا سافٹ ویئر آئی او ایس 17.5.1 صارفین کے لیے دستیاب کردیا ہے۔ یہ اپ ڈیٹ سیٹنگز ایپ میں جا کر آپشن  جنرل کو کلک کرنے کے بعد  سافٹ ویئر اپ ڈیٹ  کا انتخاب کرتے ہوئے انسٹال کی جاسکتی ہے۔