سانحہ 9 مئی: پی ٹی آئی کا فوٹیجز برآمدگی کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

116
immediate resignation

اسلام آباد: تحریک انصاف نے سانحہ 9 مئی میں متاثر ہونے والی عسکری عمارتوں میں لگے کیمروں کی فوٹیجز برآمد کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وکلا کو سانحہ 9 مئی کے روز عسکری عمارتوں پر نصب کیمروں کی فوٹیجز برآمد کرنے کے علاوہ کارکنوں کے قتل اور سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے انتخابات کے  فارم 47 سے متعلق بیان کے حوالے سے سپریم کورٹ میں پٹیشنز دائر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی رؤف حسن نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 3 رٹ پٹیشنز دائر کرنے کے لیے ہدایات پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دی گئی ہیں۔ ایک پٹیشن 9 مئی کے روز عسکری تنصیبات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز برآمد کرنے سے متعلق ہوگی، دوسری میں اسی دن کارکنوں کے قتل سے متعلق ہوگی اور تیسری سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے فارم 47 کے حوالے سے دیے گئے بیان سے متعلق ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عسکری تنصیبات پر لگے کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا چوری ہونا دراصل لندن پلان کا حصہ ہے۔  انہوں نے جوڈیشل کمیشن میں اپنی گرفتاری کی فوٹیجز کی چوری سے متعلق بھی بات کی ہے۔ اس کے علاوہ ہم ایک اور پٹیشن دائر کریں گے، جو سابق کمشنر راولپنڈی کو عدالت میں پیش کیے جانے سے متعلق ہوگی۔