سندھ پر 16 سال سے حکمران پیپلز پارٹی ہی بے امنی و مسائل کی ذمے دار ہے، منعم ظفر خان

466
the mercy of bandits

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ پر 16 سال سے حکمران پیپلز پارٹی ہی بے امنی و مسائل کی ذمے دار ہے۔

شاہ فیصل کالونی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فیملی عید ملن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، بڑھتے ہوئے جرائم اور لوٹ مار کی وارداتیں شہر کے بڑے مسائل ہیں، عوام کی جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ رواں سال ڈکیتی کی وارداتو ں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد69ہو گئی ہے۔ پیپلز پارٹی 16سال سے سندھ پر حکومت کر رہی ہے، شہریوں سے لوٹ مار اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور دیگر مسائل کی ذمے داری پیپلز پارٹی کی حکومت پر عائد ہو تی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ساڑھے 3 کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔وفاق اور صوبے میں ہم خیال جماعتوں کی حکومت ہے اور ایم کیو ایم بھی حکومت کا حصہ ہے، اس کے باوجود اہل کراچی کو ان کا حق نہ ملنا اور مسائل حل نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ان پارٹیوں کو کراچی کے عوام کے مسائل اور حقوق سے کوئی سرو کار نہیں ان کو صرف اپنا اقتدار عزیز ہے۔

عیدملن سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل کے حل اور اہل کراچی کے حقوق کی جدوجہد کے ساتھ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی دہشت گردی و جارحیت کے خلاف بھی آواز بلند کرتی رہے گی اور حکمرانوں کو بھی جھنجوڑنے کی کوشش کرتی رہے گی کیونکہ امریکی سرپرستی میں جاری اسرائیلی جارحیت کے ساتھ ساتھ ہمارے حکمرانوں کی مجرمانہ بے حسی اور سفاکانہ خاموشی بھی انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اسرائیل کے خلاف جرأت مندانہ اور دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہوتا اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہوتے تو غزہ میں صورتحال وہ نہ ہوتی جو آج ہے۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلوم و نہتے مسلمان اور حماس کے مجاہدین انتہائی مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود اسرائیل کی افواج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور کسی صورت میں بھی جھکنے اور پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اسرائیل نے فضائی حملوں اور بمباری کے ذریعے شہری املاک اور اسپتالوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور34 ہزارفلسطینی مسلمانوں جن میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں کو شہید کر چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل غزہ کی قربانیوں، جرأت و استقامت اور شہدا کے خون نے پوری دنیا کے اندر بیداری کی لہر پیدا کر دی ہے اور امریکا و یورپ میں بھی اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں اور اسرائیل سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کی طلبہ تحریک اس حوالے سے ایک نمایاں علامت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے، ہمارے جامعات کے اندر بھی کولمبیا کے طلبہ اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔

فاروق فرحان نے اپنے خطاب میں علاقے کے عوام کی جانب سے ان پر اور جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے مسائل و عوام کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور سندھ اسمبلی میں نہ صرف شاہ فیصل کالونی بلکہ پورے کراچی کے عوام کی بھر پور نمائندگی کریں گے اور ان کا مقدمہ لڑیں گے۔