الخدمت  فاؤنڈیشن کی جانب سے طلبہ کو 43 کروڑ 60 لاکھ کی اسکالر شپس دی گئیں

462
determined

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے  سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد طلبہ کو 43 کروڑ 60 لاکھ روپے کی اسکالر شپس دی جا چکی ہیں۔

الخدمت  فاؤنڈیشن کے تحت اکیڈمک اسکالر شپ آزاد کشمیر کے زیر اہتمام سالانہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری،یونیورسٹی آف آزاد کشمیر کے ڈین اور ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹرعبدالروؤف،، الخدمت ایجوکیشن پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر  ڈاکٹر جبران بلوچ،الخدمت آزاد کشمیرریجن کے صدر کرنل (ر)ظفرعباسی اور الخدمت  فاؤنڈیشن اسلام آباد  کے صدر حامداطہرملک سمیت شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

کنونشن میں الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو سرٹیفکیٹ اور نمایاں پوزیشن ہولڈزطلبا کو شیلڈزدی گئیں۔

سید وقاص جعفری نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن، پاکستان سمیت آزادکشمیراور گلگت بلتستان میں ذہین اورباہمت طلبہ وطالبات کو ہائرایجوکیشن  کے مواقع فراہم کر رہی ہے ا ب تک ملک بھر میں 5ہزار 269طلباء کو 43 کروڑ 60 لاکھ  روپے کے اسکالرشپ فراہم کیے جا چکے ہیں اور الخدمت اکیڈمک اسکالر شپ حاصل کرنے والے ڈاکٹرز،انجینئرز،ایسوسی ایٹ انجینئرز،گریجویٹ اسکالر تعلیم کے حصول کے بعد عملی زندگی میں اپنے خاندانوں کی کفالت اورپاکستان کی خدمت کررہے ہیں۔

کرنل (ر) ظفرعباسی نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن، آزادکشمیرمیں 100طلبہ وطالبات کواسکالرشپ فراہم کررہی ہے۔سالانہ کنونشن میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے طلباو طالبات کو فلسطینی رومال بھی پہنائے گئے۔