اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کی سماعت، 6 گواہوں کے بیان قلمبند

879
Adiala Jail

راولپنڈی: 190ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت میں ہوئی، جہاں 6 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

دوران سماعت وکلائے صفائی نے 2 گواہوں سے جرح مکمل کی، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 15 گواہوں سے جرح کی تکمیل ہوئی جب کہ 21 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے ہیں۔

اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے موقع پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے ان کے وکلا ظہیر عباس چوہدری، عثمان گل، خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، پراسیکیوٹر امجد پرویز ٹیم کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

بعد ازاں اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔