شہر قائد میں کل آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

330
Rain and hail

کراچی: کل شہر قائد میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز کراچی میں درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے، اس دور ان آندھی آنے کا بھی امکان ہے۔ واضح رہےکہ ہفتے کے روز بھی شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم شہر میں کہیں بھی رات گئے تک بارش نہیں ہوئی بلکہ شام کے بعد سے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کا چلنا شروع ہو چکا تھا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے حوالے سے بتایا گیا ہےکہ شہر میں کل بہت زیادہ یا غیر معمولی بارش کا امکان نہیں، تاہم مغربی سسٹم کی وجہ سے درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 17 اور 18 اپریل کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی پیش گوئی آئندہ 2 سے 3 روز بعد ممکن ہوگی کہ یہ سسٹم کتنی شدت کی بارشیں دے سکتا ہے۔