رواں سال کا پہلا سورج گرہن آج شب، پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا

414
solar eclipse

واشنگٹن: رواں سال 2024ء کا پہلا سورج گرہن آج شب ہو رہا ہے تاہم یہ رات ہونے کی وجہ سے پاکستان میں دیکھا جاناممکن نہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 8 اور 9 اپریل کے درمیان ہونے والے اس سال (2024ء) کے پہلے سورج گرہن کو میکسیکو، امریکا اور کینیڈا میں دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اپنی نوعیت کے اس مکمل سورج گرہن کے آئندہ 20 سال تک دوبارہ نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں۔

پاکستان میں رات کا وقت ہونے کی وجہ سے اس سال کاپہلا مکمل سورج گرہن دکھائی نہیں دے گا، دوسری جانب مغربی یورپ، اٹلانٹک اور جنوبی امریکا سمیت کچھ دیگر مقامات پر اسے دیکھا جانا ممکن ہے۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس سال (2024ء) کا دوسرا سورج گرہن جو کہ جزوی ہوگا، 2 اکتوبر کو جنوبی امریکی علاقوں میں نظر آنے کا امکان ہے۔

پاکستان وقت کے مطابق آج شب ہونے والا سورج گرہن میکسیکو سے شروع ہوگا اور وہ شمال مشرقی سمت میں امریکا کی طرف سے ہوتا ہوا کینیڈا کے مشرقی علاقوں میں ختم ہوگا۔ 15 امریکی ریاستوں میں مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ 4 منٹ 20 سیکنڈ تک کیا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا میں آخری بار مکمل سورج گرہن دسمبر 2021 میں ہوا تھا تاہم اس کا مشاہدہ صرف انٹارکٹیکا ہی میں کیا گیا تھا۔