وزیر اعظم کی محمد بن سلمان سے ملاقات، اعلامیہ جاری

164

سعودی مملکت کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان مکہ المکرمہ میں الصفا پیلس میں ملاقات ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

محمد بن سلمان اور وزیر اعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں ولی عہد نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی مدت ملازمت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی مستقل حمایت اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بات چیت کا مرکز دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے راہ ہموار کرنے پر تھا۔

ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں مملکت کے معاون کردار، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی باہمی خواہش پر زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ دونوں جماعتوں نے 5 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری پیکج کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس پر پہلے ہی تبادلہ خیال کیا جا چکا ہے۔