شہر میں ڈکیتوں کا راج: جماعت اسلامی کے رکن سمیت 2 شہری جاں بحق

409

کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کا جن قابو سے باہر ہوگیا، چند گھنٹوں میں ڈاکووں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی پاکستان کے رکن سمیت 2 شہری جاں بحق ہوگئے5زخمی ہوئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق  ڈ ی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیاگیا ہے فرار ملزمان کے راستوں پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں ۔ملک کے معاشی و کاروباری حب کراچی میں بےلگام ڈاکووں نے رواں سال کے دوران فائرنگ کر کے مجموعی طور پر 52 سے زائد شہریوں کو قتل کیا تاہم صرف رمضان المبارک کے دوران 13 افراد ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے گئے جبکہ درجنوں سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

 شارع نورجہاں تھانے کی حدود شادمان ٹاون نارتھ کراچی انڈہ موڑ چلڈرن اسپتال کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں نے جماعت اسلامی پاکستان کے رکن 70 سالہ سید حامد علی ولد سید جنید علی کو پیٹ پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا جنھیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ پہنچنے سے قبل ہی راستے میں خون بہہ جانے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شارع نور جہاں پولیس سمیت پولیس کے بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد جمع کیے۔

عینی شاہدین میں مقتول کے ہمراہ موجود شخص نے بتایا کہ انڈہ موڑ پر تربوز فروخت کرنے والے سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ سیدحامد علی نے ان سے مزاحمت کی تو انہوں نے فائرنگ کر کے انھیں قتل کر دیا۔مقتول حامد علی نارتھ کراچی سیکٹر سیون ڈی فور نازش اپارٹمنٹ کے رہائشی اور 4بچوں کے باپ تھے اور لوگوں کی مدد کرنے میں سب سے آگے رہتے تھے،ہمیشہ سے سیاسی وابستگی جماعت اسلامی سے رہی ہے ۔