پاکستان کیلیے خوشخبری؛ بلوم برگ نے شرح نمو میں اضافے کی پیشگوئی کردی

142

اسلام آباد: بلوم برگ کی جانب سے پاکستان کی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جسے معاشی ماہرین ملک کے لیے خوش خبری سے تعبیر کررہے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ملکی معاشی صورت حال میں بہتری کے اشاریے ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جسے دیکھتے ہوئے عالمی بینک اور بلوم برگ نے اپنی تازہ رپورٹس میں پاکستان کے معاشی طور پر مستحکم ہونے کے آثار ظاہر ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

ملکی معیشت کے حوالے سے عالمی بینک اور بلومبرگ کی تازہ رپورٹس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ اور معاشی ترقی کا آغاز ہوگیا ہے، جسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ رواں مالی سال کے مقابلے میں اگلے مالی سال 2024-25 میں ملکی شرح نمو میں دگنا اضافہ اور بتدریج بڑھوتری ہوگی۔

بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں آئندہ مالی سال میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں 11 فیصد کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے نئے بیل آؤٹ پروگرام سے معاشی شرح نمو میں مزید تیزی اور استحکام آئے گا۔