اسرائیل غزہ جنگ کے ‘اعلان کردہ مقاصد’ حاصل کرنے میں ناکام رہا، اسماعیل ہنیہ

340

تہران: مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کاکہناہے کہ  اسرائیل غزہ جنگ کے ‘اعلان کردہ مقاصد’ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، 7 اکتوبر کو الاقصیٰ فلڈ آپریشن کسی خلا میں نہیں آیا، اسرائیل کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے دورے کے موقع پر  اسماعیل ہنیہ نے  ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات  کی ، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ جنگ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد  میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں اسرائیل کی سیاسی حمایت میں کمی ہوئی ہے اور فلسطینیوں کی حمایت کے لیے ایران کے شکرگزار ہیں،حماس کو ختم  کرنا اسرائیل کا خواب ہے، حماس کو کبھی بھی ختم نہیں کیا جا سکتا   کیونکہ فلسطینی بھاری قیمتوں، قتل عام اور نسل کشی کی جنگ کے باوجود بھی اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہاکہ “ہم 1948 کی تاریخ کو دوبارہ دہرانے کی اجازت نہیں دینگے ، جب اسرائیل نے فلسطینیوں  پر قیامت خیز مظالم ڈھائے تھے، ہم فلسطین  کے عوام کی ترجمانی کررہے ہیں، اسی لیے عوام بے دریغ قربانیاں دے کر ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔