آئی ایم ایف کی نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے نئے نظام کے اطلاق کی تجویز

209
Next loan tranche

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے ٹیکس چوری روکنے اور نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پاکستان کو جدید ترین ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل اطلاق کی تجویز دیدی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تجویز کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی دیکھتے ہوئے معاملے کی ذاتی طورپر نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط پرمکمل عمل کیا جائے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے بتدریج نفاذ کا عمل جاری ہے اور اس کے دائرہ کار میں مزید توسیع کی جا رہی ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں خامیوں کی بھی نشان دہی کی ہے اور اسی بنیاد پر ایف بی آر کے زیرانتظام چلنے والے اس جدید نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سسٹم کے تمام شعبوں پر مکمل اطلاق کا مطالبہ کیا ہے۔