نادراسے شہریوں کا ڈیٹا چوری ہونے کے اسکینڈل کی تحقیقات

147

اسلام آباد:نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نادرا سے 27 لاکھ پاکستانیوں کی ڈیٹاچوری ہونے کی تحقیقات جے آئی ٹی نے مکمل کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیٹا لیک اسکینڈل تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی نے کام مکمل کرلیا،جے آئی ٹی کی جاری کردہ رپورٹ میں 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جے آئی ٹی نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرادی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نادرا سے شہریوں کا ڈیٹا 2019 سے 2023کے دوران چوری کیا گیا، نادرا ڈیٹا چوری اسکینڈل کی رپورٹ پر وزارت داخلہ میں غور جاری ہے، ڈیٹا لیک اسکینڈل میں ملتان ،پشاور اور کراچی کے نادرا کے دفاتر ملوث پائے گئے۔

جے آئی ٹی نے رپورٹ میں نادرا کے متعدد اعلیٰ افسران کے خلاف سفارش کرتے ہوئے کہاکہ نادرا کا ڈیٹا ملتان سے پشاور اور پھر دبئی گیا، نادرا ڈیٹا کے ارجنٹائن اور رومانیہ میں فروخت ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

خیال رہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے کے وقار الدین سید نے کی، جے آئی ٹی میں حساس اداروں سمیت نادراکے نامزد افسران بھی شامل تھے۔