ٹیکس دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں، وزیر خزانہ

168

اسلام آ باد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن سے محصولات میں اضافہ اور نظام میں شفافیت آئے گی، ٹیکس دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں، وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے حوالے سے بحث و مباحثے میں جانے کے بجائے ہم نے تنظیم نو کے سلسلے میں فوری طور پر عمل درآمد کیا۔

اسلام آباد میں زیادہ ٹیکس دینے والے افراد، کمپنیوں اور برآمدکنندگان کے لیے ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈیزائن اور نفاذ کے لیے کنسلٹنٹس بھی تعینات کیے ہیں۔

 محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ملک کی ترقی کے لیے براہ راست ٹیکس اور برآمدی شعبہ ناگزیر ہیں، ڈیجیٹلائزیشن سے محصولات میں اضافہ اور نظام میں شفافیت آئے گی، ہمیں پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ برآمدات کو بڑھانا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایک چیز جس کے بارے میں زیادہ بات نہیں ہوتی وہ ہے صارفین کا تجربہ، یہی پاکستانی عوام کے اندر اداروں کو لے کر اعتماد کو بحال کرے گا۔

 انہوں نے تقریب میں شریک شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ حکومت ہر وقت ان کی خدمت کے لیے حاضر رہے گی۔