حکومت کا آئی ایم ایف سے بجلی گیس مہنگی کرنے کا وعدہ

205
Next loan tranche

اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی و گیس مہنگی کرنے کا وعدہ کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کا اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا، جس کے بعد اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں کو بروقت بڑھانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حکام نے بجلی و گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مینجمنٹ کی وجہ سے پاکستان کی معاشی گروتھ اور اعتماد بحال ہوا ہے۔ امید ہے کہ پرائمری بیلنس معیشت کا 0.4 فیصد ( 401 ارب روپے ) رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق رواں برس ترقی کی شرح معمولی رہنے کی توقع اورافراط زر ہدف سے کافی زیادہ ہے، اقتصادی کمزوریوں سے نمٹنے کے لیے جاری پالیسی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ پاکستانی حکام ٹیکس بیس میں اضافے پر کاربند ہیں اور پاکستانی حکام نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بروقت بڑھانے کا وعدہ اور توانائی کی قیمتیں بڑھا کر گردشی قرض میں اضافہ روکنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔