بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلیے الخدمت کا ریلیف آپریشن شروع

161
volunteers

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے شعبہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیواور ریلیف سرگرمیوں کا آغازکردیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت گوادر، سربندر،ضلع کھیچ،جیونی،مکران کے ساحلی علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرین کو تیارکھانا، صاف پانی،خیمے،ترپال، جوتے،گرم لحاف، فراہم کیے گئے جب کہ ایمبولینس ،میڈیکل ہیلتھ یونٹ اور رضاکار بڑی تعداد میں متاثرین کو ریسکیو اور ریلیف فراہم کررہے ہیں۔

سیلاب اور بارشوں سے بے گھرہونے والے متاثرہ خاندانوں کو الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے پناہ گاہوں میں محفوظ کیا جارہا ہے۔

چئیرمین ڈیزاسٹرمینجمنٹ اعجازاللہ خان نے بتایاکہ 27 فروری کی موسلادھار بارش نے گوادر میں سیلابی صورتحال پیدا کردی تھی جس سے کئی علاقے زیرآب آگئے۔گوادر،جناح ایونیوکی بستیاں پانی میں ڈوب گئیں جب کہ متعدد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی علاقائی اور ضلعی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہو کر ریلیف اور ریسکیو میں حصہ لے رہی ہیں۔ پانی کی نکاسی کے لیے پمپ استعمال کیے جار رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کی فوری ضروریات پینے کا صاف پانی، خیمے، ترپال،کھانا، میڈیسن، نکاسی کے لیے پانی کے پمپ، جنریٹرز،حفظان صحت کی کٹس ہیں،اہل خیراس سلسلے میں متاثرین کی امداد کے لیے عطیات فراہم کریں۔