کسانوں کا احتجاج روکنے کیلیے بھارتی پولیس نے دارالحکومت کی ناکابندی کردی

251

نئی دہلی: ملک بھر سے احتجاج کے لیے دارالحکومت کی جانب جانے والے کسانوں کو روکنے کے لیے بھارتی پولیس نے نئی دہلی کی ناکابندی کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت کی مودی سرکار کی جانب سے ناکام معاشی پالیسیوں اور کاشتکاری سے متعلق اشیا کی قیمتوں کے علاوہ کسانوں سے متعلق متنازع قوانین کے خلاف بھارتی پنجاب اور ہریانہ کے علاوہ کئی ریاستوں سے ہزاروں کسان دارالحکومت میں احتجاج کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے احتجاج روکنے کے لیے ماضی کی طرح اس بار بھی طاقت کا استعمال شروع کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں پولیس نے نئی دہلی کی ناکا بندی کردی ہے اور راستوں پر بھاری نفری تعینات کرکے راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔

سخت پابندیوں اور ناکابندی کی وجہ سے دارالحکومت میں داخل ہونے والے دیگر افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے سخت تفتیش اور پوچھ گچھ کے بعد ہی کسی کو دارالحکومت کی جانب جانے دیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے ٹریکٹروں پر نئی دہلی پہنچ کر دارالحکومت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے کسانوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ ہریانہ اور پنجاب کی سرحدوں پر بھی کسانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔