پی پی کو عوام کی فکر، دوسری جماعتیں امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، بلاول

212

ڈی آئی خان: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کو عوام کی فکر ہے جب کہ دیگر جماعتیں تو امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، یہ اشرافیہ کی نمائندہ ہیں۔

انتخابی مہم کے تحت جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان سے ہمارا رشتہ تین نسلوں سے جڑا ہے۔ یہاں سے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے الیکشن لڑا تھا اور آج میں یہاں اپنے وفادار جیالوں، بہن بھائیوں کے سامنے کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر کہا جا رہا ہے کہ انتخابات کی مہم نہ چلائیں، لیکن میں اپنے جیالوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔ ہمارا ملک خطرے میں ہے، عوام شدید مشکلات اور مسائل سے دوچار ہیں۔ دہشت گرد پھر سے سر اٹھا رہے ہیں، معاشی بحران  کا بھی سامنا ہے، مگر دوسری سیاسی جماعتیں تو خود اشرافیہ کی نمائندہ ہیں، وہ صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پیپلز پارٹی  کو عوام کی فکر ہے، ہم نے عوام کی نمائندگی کی ہے۔ ہم غریب کے مسائل کو پیش نظر رکھ کر عوامی معاشی معاہدہ تیار کرکے میدان میں اترے ہیں۔ ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا ہے، جس کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔