سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست، آسٹریلیا نے کلین سوئپ کرلیا

349

سڈنی: آسٹریلیا میں ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو شکست ہونے سے آسٹریلیا نے کلین سوئپ کرلیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سڈنی میں ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ٹارگٹ آسٹریلوی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 ویں اوورز میں پورا کرلیا۔

چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز کے اختتام پر صرف 47 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہو گئی۔ اننگز کا آغاز محمد رضوان اور عامر جمال نے کیا، محمد رضوان 28 رنز بنا کر لیون جب کہ عامر جمال 18 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے۔ حسن علی نے 5 رنز بنائے اور ناتھن لیون کی بال پر بولڈ ہو گئے جب کہ میر حمزہ صرف ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے ایک اور ناتھن لیون نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں عثمان خواجہ بغیر کوئی رنز اسکور کیے ساجد خان کا شکار بنے، ڈیوڈ وارنر نے 57 رنز کے ساتھ اپنی نصف سنچری بنا کر اپنے آخری میچ کو یادگار بنایا، ساجد خان نے ان کی وکٹ لی۔

بعدازاں مارنس لبوشین 62 اور اسٹیون اسمتھ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور 130 رنز کا ہدف مکمل کیا۔ پاکستان کی جانب سے صرف ساجد خان 2 وکٹیں حاصل کرسکے۔