ایف بی آر کا خام مال پر ٹیکسز کی شرح پر نظرثانی کا فیصلہ

239

اسلام آباد: ایف بی آر نے خام مال پر ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کی شرح پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئندہ وفاقی بجٹ2024-25میں12اہم صنعتی سیکٹرز کے ملک کے اندر سے خریدے جانے والے اور بیرون ملک سے منگوائے جانے والے خام مال  پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی شرح پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آر نے ٹیکسٹائل ویوینگ، ٹیکسٹائل ڈائینگ اینڈ پرنٹنگ،  اسٹیل ملٹرز، اسٹیل ری رولنگ ملز، گھی و کوکنگ آئل، کیمیکلز، سیمنٹ،  لیڈ اینڈ بیٹریز اور پیپر و پیپر بورڈ جیسی صنعتوں کو اپنے خام مال کی تفصیلات10جنوری تک ہر حال میں ایف بی آر کو فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی  ہے۔

منگل کے روز جاری سرکلر کے مطابق ایف بی آر نے 14دسمبر2023کو یہ تفصیلات مانگی تھیں تاہم کچھ سیکٹرز کی جانب سے ڈیڈ لائن31دسمبر تک ایف بی آر کو یہ معلومات فراہم نہیں کیں، جس کی وجہ سے انہیں ایک موقع اور دیا جا رہا ہے کہ وہ یہ تفصیلات فراہم کریں تاکہ خام مال اور ان صنعتوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی خدمات کی پوزیٹیو لسٹ بناکر اس کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جائے  اور جب یہ اشیا بناکر ملک سے برآمد کی جائیں تو ان پر ادا کیے گئے ٹیکس اور ڈیوٹیز اس صنعت کو ریفنڈ کر دی جائیں۔