عوام امریکا کے غلاموں کے خلاف مزاحمت کا راستہ اختیار کریں، حافظ نعیم

343

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے والے تمام حکمرانوں اورامریکا کے غلاموں کے خلاف مزاحمت کا راستہ اختیار کریں اور8فروری کواپنے ووٹ کے ذریعے انتقام لیں۔

جماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ کے تحت اسرائیل کی جانب سے دہشت گردی و جارحیت کے خلاف اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں اور اہل محلہ کے تعاون سے ”فیملی فیسٹیول ” کا انعقاد کیا گیا۔

 فیسٹیول میں اہلیان ماڈل کالونی نے کھانے پینے کی اشیاء سمیت مختلف اسٹالز لگائے اور سستی اشیاء فروخت کی، فیسٹیول میں علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، فیسٹیول میں ہونے والا منافع فلسطین فنڈ کے لیے مختص کیا گیا۔

 فیملی فیسٹیول ”سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر ملک کے حکمران دوریاستی حل کی بات کرتے ہیں جب کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے واضح اور دوٹوک بات کہی تھی کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسی کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے نصیب میں وڈیرے اور جاگیردار نہیں ہیں ،ہمیں اپنے نصیب کو بدلنا ہوگا ،امریکا کے آلہ کار جاگیرداروں اور وڈیروں سے جان چھڑانا ہوگی ، عوام عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں اور اپنے ووٹ کا تحفظ بھی کریں ،جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو کراچی کے مسائل حل کرسکتی ہے۔

امیر جما عت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   جاگیرداروں اور وڈیروں اور امریکا آلہ کاروں کے خلاف پر امن مزاحمت بھی کرنا ہوگی، اسرائیل فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے ، اہل غزہ و فلسطین کے مسلمان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اپنے بچوں کی لاشوں کو دفنانے کے باوجود استقامت کی چٹان بنے ہوئے ہیں اور ان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ فلسطین ہماری زمین ہے ،ہم فلسطین پراسرائیل کا قبضہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔