امریکی جیل میں فوزیہ صدیقی اور عافیہ صدیقی کی چھ ماہ بعد دوسری ملاقات

379

کراچی: عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قوم کی بیٹی اور اپنی ہمشیرہ ڈاکٹر عافیہ سے ٹھیک چھ ماہ بعد دوسری مرتبہ ملاقات کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاکہ بالآخر جیل انتظامیہ کو ”گمشدہ چابی” مل ہی گئی اور انہوں نے امریکا کی ایف ایم سی کارسویل جیل میں قید میری بے گناہ بہن ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات کرادی۔

انہوں نے کہا کہ اس بار بھی ہم دونوں بہنوں کے درمیان شیشے کی موٹی دیوار موجود تھی جس کے باعث وہ ایک دوسرے کو گلے نہیں لگا سکیں، جیل حکام نے ایک بار پھر وعدہ خلافی کی کیونکہ اس مرتبہ  سماجی ملاقات (Social Visit) کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ پھر انہوں نے ہمارے درمیان شیشے کی دیوار کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا تھا۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ  میری درخواست کے باوجود مجھے اپنی بہن کو چھونے اور گلے لگانے اور اس کے درد کو محسوس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، پھر بھی وہ شکر گزار ہیں کہ وہ اپنی بہن سے مل پائی ہیں، اس بار عافیہ کی حالت پہلے سے بھی زیادہ خراب تھی، ہم دونوں بہنیں تقریباً آدھے گھنٹے تک روتی رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ عافیہ کو رہا کرانے کے لیے قوم کا ساتھ چاہئے، پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے سپورٹرز کی جانب سے عافیہ کے لیے نیک خواہشات کا جس طرح سے اظہار کیا گیا اور اس پر شکر گزار ہیں۔