راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کے قلات میں کیے گئے ایک آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں قلات کے علاقے میں سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کی، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
اعلامیے کے مطابق 28 نومبر 2023 کو سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع قلات کے ناگاؤ پہاڑوں کے عمومی علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، جس میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد کا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔