کسی کھلاڑی کو انٹرنیشنل لیگ کھیلنے سے نہیں روکا جائے گا، محمد حفیظ

513
International League

اسلام آباد: قومی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کو انٹرنیشنل لیگ کھیلنے سے نہیں روکا جائے گا لیکن کھلاڑی کے لیے اولین ترجیح لیگز کے بجائے پاکستان کے لیے کھیلنا ہونا چاہیے، ہم پاکستان کی نمائندگی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کو اولین ترجیح دیں گے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ بطور کوچنگ اور مینجمنٹ اسٹاف اور حتیٰ کہ سلیکٹر کا انتخاب بھی ذکا اشرف صاحب نے اچھی سوچ کے ساتھ کیا ہے کیونکہ یہ مینجمنٹ وہ نوجوان باصلاحیت کرکٹرز ہیں جنہوں نے ماضی قریب میں پاکستان کے لیے بہت شاندار پرفارمنس دی ہیں اور اب ان کو ایک نئی سوچ کے ساتھ نیا کردار دیا جا رہا ہے تاکہ جدید دور کی کرکٹ کے حساب سے سارا عمل انجام دیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بات ماننی پڑے گی کہ ہم جدید دور کی کرکٹ سے پیچھے رہ گئے ہیں اور ہمارے نتائج صحیح نہیں آئے کیونکہ ہم منصوبہ بندی کے حساب سے پیچھے رہ گئے اور اب اس بات کو تسلیم کیا جا رہا ہے کیونکہ جب تک آپ اپنی ناکامیوں کو تسلیم کر کے درست حکمت عملی نہ بنائیں، آپ کامیاب نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سپورٹنگ اسٹاف بالکل صحیح مائنڈ سیٹ کے ساتھ اپنی تیاری کی ہے اور سلیکشن بہت اچھی ہوئی ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک میں پرفارمنس دکھانے والے کو عزت دی گئی ہے اور ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کے لے کر آئے، ہم سب کو لے کر نہیں آسکتے، ہر ایک کا ایک وقت ہے۔سابق آل رانڈر نے کہا کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم سیٹ ہے، کھلاڑیوں نے بیٹنگ میں بہت اچھا پرفارم کیا ہوا ہے، بالنگ میں ہمیں تھوڑی مشکلات آئیں لیکن اس کے باوجود ہمیں جو بہترین بالرز لگے ہم نے انہیں منتخب کیا ہے، جب حقدار کو حق دیتے ہیں تو بہتر نتائج آتے ہیں، جن کھلاڑیوں کو ابھی موقع نہیں ملا انہیں مستقبل میں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سابق کرکٹر نے کہا کہ ہمارے دماغ میں بالکل یہ سوچ نہیں ہے کہ ہم آسٹریلیا صرف میچ کھیلنے جا رہے ہیں، ہم وہاں پر ایک بہترین پرفارمنس دینے اور جیتنے کے لیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ ہمارے دماغ میں نہ کوئی دوسری سوچ پہلے تھی اور نہ آگے نظر آئے گی۔