کینیڈا میں یہود کے کمیونٹی سینٹر پر دھماکا، آگ بھڑک اٹھی

457

اوٹاوا: کینیڈا میں یہود کے ایک کمیونٹی سینٹر پر دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مونٹریال شہر میں یہود کے ایک کمیونٹی سینٹر میں بوتل بم پھینکا گیا۔ نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کے بعد کمیونٹی سینٹر میں آگ لگ گئی۔ واقعے کے وقت کمیونٹی سینٹر یں موجود افراد سیکورٹی کے حوالے سے اجلاس میں شریک تھے۔

 

حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فائر بریگیڈ کو طلب کرکے علاقے گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ امدادی ٹیموں نے 50 سے زیادہ افراد کو کمیونٹی سینٹر سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق جس کمرے میں بوتل بم گرا وہاں قالین، پردوں اور دروازے میں آگ بھڑک اُٹھی اور سامان مکمل طور جل کر خاکستر ہوگیا۔ سینٹر میں آگ بجھانے کے آلات کے باعث آگ کو دوسرے کمروں تک پھیلنے سے بچالیا گیا۔

دریں اثنا کینیڈین  وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی مذمت کی ہے جب کہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔