اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلہ صرف پاکستان ہے، جہانگیر ترین

609
establishment

کامونکی: استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن لیگ اور آئی پی پی نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلہ صرف پاکستان ہے۔

کامونکی جلسے میں خطاب سے قبل ایک صحافی نے جہانگیر ترین سے مختصر گفتگو کی اور سوال کیا کہ ’آپ اسٹیبشلمنٹ کے زیادہ لاڈلے ہیں یا ن لیگ‘۔ اس پر جہانگیر ترین نے جواب دیا کہ اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلا صرف پاکستان ہے۔

جہانگیر ترین نے رپورٹر کو یہ بھی کہا کہ پہلے آپ جلسے میں عوام سے مخاطب ہونے دیں باقی باتیں آپ کے سامنے خود ہی آجائیں گی۔

بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ سب ملکر ملک کو سنبھالیں گے تو ہی پاکستان کی قسمت بدلے گی، ہم حکومت میں آکر ایسے سرکاری اسپتال بنائیں گے کہ لوگ باہر سے معیار دیکھنے آئیں گے اور پاکستان کو دنیا بھر میں مثالی زرعی ملک بنائیں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے بانی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ماضی سے بہت کچھ سیکھا مگر اب آگے بڑھنے کا وقت ہے، تمام بچوں کو یکساں معیار تعلیم لنا چاہیے، ہم اب بہترین پاکستان بنائیں گے۔

دریں اثنا کامونکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم نے نیا پاکستان بنانے کیلیے 10 سال تک رات دن محنت کی اور جب وہ صاحب وزیر اعظم بنے تو پنجاب میں بزدار کو لے آئے اور خیبرپختونخوا میں گورا بزدار وزیراعلیٰ بنایا۔

علیم خان نے کہا کہ چور اور لٹیرے حکمران ہمارے ملک کو لوٹ کر کھا گئے، سندھ کا حال یہ ہے کہ وہاں ایک ہی ندی سے کتے اور انسان کے بچے پانی پیتے ہیں، جن کو ہم نے ایماندار سمجھا اُن کے کرتوت عوام کے سامنے ہیں۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ فوج نے پی ٹی آئی کو مکمل سپورٹ دی اور آج یہ اُن پر ہی تنقید کررہے ہیں اور فوج کے خلاف باتیں کررہے ہیں جبکہ ہمارے فوجی سرحدوں پر قربانیاں دے رہے ہیں، آج ہمارا ملک فوج کی وجہ سے ہی مضبوط ہے کیونکہ فوج ہے تو پاکستان ہے۔