کراچی کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم سرد

521

کراچی: شہر قائد میں  ہفتے کی رات کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی، جس کے بعد موسم نسبتاً سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی کے علاقوں صدر، ملیر، گلشن اقبال، طارق روڈ، شرف آباد، دھوراجی، اختر کالونی، قیوم آباد، بلوچ کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی۔

شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے موسم نسبتاً سرد ہوگیا۔ مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے مزید بارش کا بھی امکان ہے جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سسٹم اتوار تک کراچی میں رہے گا اور اس دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ایک روز قبل  ہی پیش گوئی کی تھی کہ جنوب مغربی بلوچستان میں مغربی ہواؤں کے بتدریج داخل ہونے والے سلسلے کے تحت ہفتے کی شام سے کراچی اور اس کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اورمعتدل بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ اتوار کو بھی شہر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اتوارکو دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر،عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ اور میرپورخاص میں بھی بارش کا امکان ہے۔