جماعت اسلامی کا مزار قائد تا تین تلوار ”غزہ بائیک ریلی“ نکالنے کا اعلان

526

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی یوتھ کے تحت26نومبر کو مزار قائد تا تین تلوار ”غزہ بائیک ریلی“ نکالی جائے گی،کراچی کے نوجوان ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی مسلمانوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، 35سال دونوں جماعتوں نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا،مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کا اتحاد پیپلزپارٹی کے خلاف نہیں بلکہ جماعت اسلامی اوراہل کراچی کے خلاف کیا جارہا ہے کیونکہ اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ دیے اور ہم نے شہر کے مرکزی علاقے میں کلین سویپ کیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  پارٹیوں میں افراد کا ردو بدل کر کے ڈرامہ رچایا جارہا ہے، کراچی کے عوام اب کسی صورت بے وقوف نہیں بنیں گے۔جوڑ توڑ کی سیاست کرنے والے ملک میں جمہوریت کو پنپنے دیں اورمافیاز اور فرینڈلی اپوزیشن کرنے والوں کو مسلط نہ کریں،عوام پر فیصلہ چھوڑکر اور صاف و شفاف انتخابات کروائیں۔

انہوں نے کہاکہ چاروں صوبوں میں پارٹی گورنر کی موجودگی میں انتخابات صاف و شفاف نہیں ہوسکتے،آراوزاور ڈی آراوز انتظامیہ کے بجائے عدلیہ سے مقرر کیے جائیں۔کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے الیکٹرک کی سہولت کار مسلم لیگ ن،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم کو مسترد کردیں گے اوراپنے ووٹ کی طاقت سے ان تمام جماعتوں سے انتقام لیں گے جنہوں نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا اور ان لوگوں سے بھی جنہوں نے زندہ انسانوں کو فیکٹریوں میں جلاکر راکھ کردیا۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ 173فیصد اضافے کے باوجود آئی ایم ایف کی ایماء پر گیس کے ٹیرف میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے کے الیکٹرک مافیا کو کراچی کے عوام پر مسلط کیا ہے،ایم کیوا یم بتائے کہ کے ای ایس سی کو کھمبوں کی قیمت میں کیوں فروخت کیا گیا، ایم این ایز،ایم پی اے،وزراء، گورنر اورپرویز مشرف سب ایم کیوا یم کے ساتھ تھے اتنی بڑی طاقت میں ہونے کے باوجود کے ای ایس سی کو فروخت کیسے ہونے دیا؟