سیکورٹی فورسز کے آپریشنز میں 4 دہشتگرد مارے گئے، فوجی جوان شہید

1134
terrorists

راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کے دو آپریشنز کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے  اور ایک فوجی جوان  شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے  جب کہ ایک فوجی جوان شہید ہوگیا۔

دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڈھ بیر میں ہونے والے آپریشن میں مارے گئے 4 دہشتگردوں میں کمانڈر سمیع اللہ عرف شینائے، کمانڈر سلمان احمد، عمران محمد اور حضرت عمر عرف خالد شامل ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔

مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی کئی دیگر کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

دوسرا آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا جہاں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد اعجاز خان شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔